اننت ناگ+ترال//اننت ناگ میں ریاستی ہائی کورٹ کے سابق جسٹس کی رہائش گاہ پر تعینات پولیس پوسٹ پر جنگجوئوں نے شدید فائرنگ کی جس کے باعث دو پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے جبکہ جنگجو4رائفلیں اڑا لینے میں کامیاب ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ رات قریب نو بجے جنگجوئوں نے انچی ڈورہ اننت ناگ میں ایک سابق جسٹس کی رہائش گاہ پر تعینات پولیس پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے دوران دو پولیس اہلکات شدید طور پر زخمی ہوئے اور جنگجو پولیس سے 4رائفلیں اڑا لینے میں کامیاب ہوئے۔بتایا جاتا ہے کہ ایک اہلکار کی حالت انتہائی نازک ہے۔اس دوران پلوامہ پولیس سٹیشن پر بھی اسی وقت گرینیڈ داغا گیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد جنگجئوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھرترال اور اونتی پورہ میں سی آر پی ایف کیمپوںپر گرینیڈ حملوں کے نتیجے میں12اہلکار زخمی ہوئے جن میں 4کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔منگل کی شام قریب 6بجکر دس منٹ پر لاڑی یار املر ترال میں قائم180بٹالین کیمپ پر جنگجوئوں نے رائفل گرینیڈ داغا جو کیمپ کے اندر زور دار دھماکے کیساتھ پھٹ گیا جس میں10اہلکار گرینیڈ کے آہنی ریزوں سے زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 4اہلکاروں کو شدید چوٹیں آئیں ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سوموار کی شب جنگجوئوں نے ترال میں قائم اسی بٹالین180کے ہیڈ کوارٹر پر رائفل گرینیڈ پھینکا جس میں دو اہلکار زخمی ہوئے ۔ ترال بالا میں رات کے نو بجے کے قریب زور دھماکہ ہوا لیکن دھماکے کے بعدفورسز نے کوئی بھی جوابی فائرنگ نہیں کی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق دھماکہ کیمپ کے اندر ہوا تاہم ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ پولیس نے بتایا کہ جنگجوئوں نے مذکورہ کیمپ پررائفل گرینیڈ داغا جوکیمپ کے اندر زور دار دھماکے کیساتھ پھٹ گیا جس میں دو اہلکار زخمی ہوے ۔ادھر پدگام پورہ اونتی پورہ میں قائم 130بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر منگل کی شام گرینیڈ پھینکا گیا ،جو روز دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم اس دھماکے سے کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ادھر پازل پورہ سوپور میں22آر آر کیمپ پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔