اننت ناگ(اسلام آباد)//خالد گل//چیف جوڈیشل مجسٹریٹ اننت ناگ نے جمعہ کو ایس ایچ او اننت ناگ اور ایک سب انسپکٹر کے خلاف انجینئر رشید کی طرف سے2دسمبر 2016کو اُن کے ساتھ مار پیٹ کرنے اور ناشائستہ سلوک کرنے کے خلاف دائر کی گئی درخواست کے سلسلے میں بلا ضمانت وارنٹ جاری کی ہے ۔ جب چیف جوڈیشل مجسٹریٹ اننت نا گ کی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو انجینئر رشید نے عدالت کو بتایا کہ نہ صرف ریاست میں اُن کی آزادانہ نقل و حرکت پر قدغنیں جاری ہیں بلکہ 2 دسمبر 2016 کی شام کھنہ بل میں پیش آئے شرمناک واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ نے کوئی بھی کارروائی انجام نہیں دی ۔ انجینئر رشید نے کہا کہ اگر منتخب عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود وہ اپنے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتے ہیں تو وہ کیسے عام آدمی کے حقوق کی بات کریں گے ۔جج نے معاملہ کا شدید نوٹس لیتے ہوئے دونوں پولیس افسروں ،جو کہ عدالت سے غیر حاضر تھے ،کے نام بلاضمانت وارنٹ جاری کر دیئے اور ایس ایس پی اننت ناگ سے متعلقہ وارنٹ پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیا ہے ۔ معاملے کی اگلی سماعت 26مئی 2017کو مقرر کی گئی ہے ۔