اننت ناگ//اننت ناگ میں پولیس نے لوگوں کو ٹھگنے والے جعلساز نوجوان کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے ۔پولیس کے مطابق حبیب اللہ تیلی ولد غلام رسول ساکنہ اُترسو نے پولیس اسٹیشن اچھ بل میں تحریری طور پر شکایت درج کی کہ شانگس میں اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکالنے کے دوران ایک نامعلوم شخص نے دھوکہ دہی سے اُس کا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کیا اور پھر اکونٹ سے 36ہزار روپیہ نکالے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیر نمبر134/17زیر دفعہ 420آر پی سی کے تحت درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔اس دوران مشین کے اندر لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے جعلساز کی تصویر حاصل کی دوران جانچ اس بات کو محسوس کیا گیا کہ جعلساز کو سی سی ٹی وی کی موجودگی کا علم تھا اسی لئے بڑی چالاکی سے ٹوپی پہن کر کام کو انجام دیا گیا تاکہ کیمرے کی آنکھ سے بچ نکلے ۔لہذا اس معاملے میں مزید تحقیقات شروع کی گئی اور چند افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی جس دوران جعلساز کی شناخت عمران احمد شیخ ولد غلام نبی ساکنہ ہر دو شچن دیلگام کے بطور ہوئی ۔دوران تفتیش معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ جعلسازکئی سالوں سے اس قسم کی وارداتیں انجام دیتا رہا ہے اور کئی سادہ لوح لوگوں کو اے ٹی ایم سیکورٹی گارڈ جتلاکر رقومات نکالنے میں مدد فراہم کر نے کی پیش کش کرتا تھا اور بعد میں کارڈ تبدیل کر کے رقومات نکال کر رفوچکر ہوتا تھا ۔پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اے ٹی ایم پن کی جانکاری کسی نامعلوم شخص کو بتانے سے گریز کریں۔