عارف بلوچ+عشرت بٹ
اننت ناگ+پونچھ //جنوبی ضلع اننت ناگ کے وانہامہ دیالگام علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامیوں پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے دونوں شدید طورپر زخمی ہوئے اور اْنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ جمعرات کی شام پونے 7 کے قریب ملی ٹینٹوں نے شبیر عبداللہ پبلک سکول(SAPS) وانہامہ دیلگام میں دو غیر مقامیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ ان میں سے ایک چپراسی اور اور دوسرا سکول میں مزدوری کا کام کرتا تھا۔چپراسی کے ٹل بہادر ساکن نیپال اورمزدور راجیو ساکن بہار کو شدید زخمی حالت میں جی ایم سی اننت ناگ میں داخل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔
پونچھ
ہندوستانی فوج نے جمعرات کو پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ملی ٹینٹوں کی طرف سے کی گئی دراندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملی ٹینٹ کو ہلاک کر دیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔یہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا جس کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنند نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی فوج نے جمعرات کو پونچھ سیکٹر میں دراندازی کی اس بڑی کوشش کو صبح 10 بجے کے قریب اس وقت ختم کردیا جب چوکس سپاہیوں نے پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ کچھ افراد کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی۔وہ لائن آف کنٹرول کے پار ہندوستانی علاقے میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔” بیان میں کہا گیا کہ الرٹ دستوں نے دراندازوں کو للکارا اورانہوں نے فوجیوں پر فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ جھڑپ میںایک دہشت گرد کی لاش کے ساتھ دو اے کے 47 رائفلز، ایک پستول اور دیگر جنگی سامان جیسے اسٹورز برآمد ہوئے ہیں۔” سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پانچ ملی ٹینٹوںکا بھاری ہتھیاروں سے لیس گروپ جمعرات کی صبح لائن آف کنٹرول سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا لیکن فوج کے دستوں نے ان کی نقل و حرکت کو ناکام بناتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔