سرینگر//ضلع اننت ناگ کے مختلف حصوں سے آئے متعدد افراد اور وفود آج یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ ٹرانسپورٹروں کے ایک وفد نے قصبہ میں اُن کیلئے ایک اعلیحدہ احاطہ تعمیر کرنے کی مانگ کی تا کہ وہ اپنا کام کاج بہتر طور کر سکیں اور ضلع میں ٹریفک کے دباو¿ کو بھی کم کیا جا سکے ۔ ڈانگر پورہ سے آئے وفد نے علاقے میں پارک کی تعمیر کی مانگ پیش کی اور ناتھ پورہ دیہات سے آئے ایک اور وفد نے پشوارہ پُل کے نزدیک پارک کی تعمیر اور سیلاب سے بچاو¿ ، حفاظتی باندھوں کی تعمیر کی مانگ کی ۔ تکیہ بحرام شاہ سے آئے وفد نے مقامی کھیل میدان اور زیارت گاہ پر جاری کاموں کو مکمل کرنے کی مانگ اور دونی چک ، انزولہ سے آئے وفد نے مقامی زیارت گاہ کی تعمیر و تجدید اور اسے مذہبی سیاحتی نقشے پر لانے کی مانگ کی ۔ بوٹ مین کالونی اور مقامی میونسپل کمیٹی کے خاروبوں کے وفود نے بھی اپنے مسائل پیش کئے ۔ دیوا کالونی ، ریشی بازار ، لازی بل ، دیالگام ، کاوا مرگ اور دیگر علاقوں کے وفود بھی وزیر اعلیٰ سے ملے اور انہیں اپنی مانگیں پیش کیں ۔محبوبہ مفتی نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کا جائیزہ لے کر اُن کے ازالے کے لئے معقول اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔