عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاری سے متاثرہ علاقوں میں کھڑی فصلیں اور سبزیاںتباہ ہوگئی ہیں۔ضلع کے کئی علاقوں کی آبادی سبزیوں کی کاشتکاری سے روزی روٹی کماتے ہیں ،ان علاقوں میں خاصکر بنگہ ڈارا، ہانجی دانتر ، میر دانتر، پشوارہ ، نووتھو ،ڈبرنہ ، ناید کھن اور چرہامہ وغیرہ شامل ہیں ۔ بنگہ ڈارا نامی علاقہ سبزیوں کی پیداوار میں سر فہرست ہے جہاں تقریباً صد فیصد آبادی سبزیوں کی کاشتکاری سے منسلک ہے،اسلئے اس علاقہ کو ’’ویجی ٹیبل ولیج ‘‘بھی کہا جاتا ہے۔اس علاقے میں سبزیاںلہلا رہی تھیںاورروزانہ بڑی مقدار میں بازاروں کی جانب روانہ کی جاتی تھیں تاہم سیلاب نے مکمل طور تباہ کردیا۔مقامی کاشتکارغلام حسن ڈار کا کہنا ہے کہ ان کا مکمل انحصار سبزیوں کی پیداوار پر ہی ہے ،سیلاب کی وجہ سے ان کی سال بھر کی محنت ضائع ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ آج مختلف سبزیاں تیار تھیں جو مکمل طور تباہ ہوگئیں، جس کی وجہ سے انہیں مالی مشکلات میں ڈوبنے کا خدشہ ہے۔مقامی کاشتکاروںنے حکام سے درخواست کی کہ علاقے کا جائزہ لیکر انہیں معاوضہ فراہم کیا جائے۔