حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے صدر مقام پر جموں و کشمیر انٹرنیشنل گوجر مہا سبھا نے اننت ناگ میں تین نوجوانوں کی مبینہ ہلاکت اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی کے خلاف پرامن احتجاج مظاہرہ کیا۔اس احتجاج کی قیادت انٹرنیشنل گوجر مہا سبھا کے جموں و کشمیر اور لداخ یوٹی کے صدر محمد اسلم کوہلی نے کی۔احتجاج میں شریک مظاہرین نے اننت ناگ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔ مظاہرین نے پولیس کی جانب سے اہل خانہ کو حراساں کرنے اور ان کیساتھ بدسلوکی پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت کو اس پر فوری کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گوجر مہا سبھا اس واقعے کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔احتجاج میں شریک دیگر مقررین نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اننت ناگ واقعے کی تحقیقات کرائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے اور کسی کے ساتھ بھی بدسلوکی نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید اس بات پر بھی اپنی برہمی ظاہر کیا ہے کہ ایک جانب ان نوجوانوں کی گمشدگی کو لے کر انکے لواحقین پریشان تھے اور جیسے ہی دو نوجوانوں کی لاش برآمد ہوئیں تو انکے لواحقین نے تیسرے نوجوان کی لاش کو برآمد کر انہیں سپرد کئے جانے کے لئے جب انصاف کی اپیل کی تو پولیس کی جانب سے انکے ساتھ بدسلوکی کی انکے زخموں کو اور گہرا کر دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کرکے کمیٹیاں تشکیل دیں جو سچ اور جھوٹ کو منظر عام پر لاسکیں تاکہ ان نوجوانوں کے لواحقین پر ظلم کرنے والوں کو سزا بھی ملے اور انہیں عدل بھی ملے۔