اننت ناگ//مال ، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ ترقیاتی سرگرمیوں میں سرعت لائیں تاکہ وقت اور خرچے کو بچایا جائے۔ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں مختلف محکموں کے افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطا ب کرنے کے دوران وزیر نے ترقیاتی منظر نامے کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر سید عابد رشید نے ضلع میں عملائے جارہے کاموں کا ایک خاکہ پیش کیا۔اُنہیں بتایا گیا کہ ضلع کے لئے سال 2017-18 ءکے لئے 206.24 کروڑ روپے کا سالانہ منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔ انہوںنے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی پروجیکٹوں کےلئے حصول اراضی کا عمل مکمل کرنے کے لئے افسروں کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دیں۔وزیر کو مطلع کیا گیا کہ پی ایم جی ایس وائی کے دسویں مرحلے کے تحت 151.27 کلومیٹر لمبی سڑکوں پر کام جاری ہے۔ اور اس سے 21 بستیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ اُنہیں مزید بتایا گیا کہ 2016-17ءکے دوران 5 پل تعمیر کئے گئے جبکہ مزید 46 پُل ضلع میں تعمیر کئے جارہے ہیں۔ویری نے ضلع میں عملائی جارہی کئی واٹر سپلائی سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ضلع میں عملائی جاری بجلی سیکٹر کی سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیاجن میں آر اے پی ڈی آر پی ، آئی پی ڈی ایس اور ڈی ڈی یو جی جے یو شامل ہیں۔انہوںنے کئی ریسونگ سٹیشنوں پر ہو رہے کام کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سال 2014 ءکے دوران سیلاب سے تباہ ہوئے 162 مقامات کو بحال کیا گیا ہے۔اس دوران ضلع میں قائم طبی نگہداشت کے ڈھانچے کو بھی زیر بحث لایا گیا ۔ افسروں نے اس موقعہ پر کہا کہ امر ت پروگرام کے تحت اننت ناگ قصبہ کو مزید جاذب نظر بنایا جارہا ہے۔اے آر ویری نے ضلع میں باغات اور پارکوں کو مزید خوبصورت بنانے اور کھیل کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لئے اختراعی اقدامات کرنے کی بھی وکالت کی۔