سرینگر/پولیس نے سوموار کی شام اپنے ایک بیان میں کہا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ جنگجوجنوبی ضلع اننت ناگ کے بڈورا اچھ بل علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوئوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
پولیس نے کہا کہ کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک جنگجو جاں بحق ہوگیاجسکی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
معرکہ آرائی کے دوران پولیس کے مطابق ایک فوجی آفیسر کیتن شرما گولیاں لگنے سے زخمی ہوا۔ اگر چہ اسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔
علاوہ ازیں مزید دو اہلکاربھی اس تصادم آرائی میں زخمی ہوگئے جن کا اسپتال میں علاج ومعالجہ چل رہا ہے۔