سرینگر//مرکزی داخلہ سیکریٹری کے ساتھ چنائو تیاریوں کے ضمن میں مفصل تبادلہ خیال کرنے اور چنائو کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعدچیف الیکٹورل آفیسر شانت منو نے منگل کوایک میٹنگ کے دوران افسران پر اننت ناگ پارلیمانی نشست کے ضمنی چنائو کے لئے افرادی قوت اورمشینری متحرک کرنے پر زوردیا۔سی ای او نے ان باتوں کا اظہار چنائو تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ میٹنگ کے موقعہ پر افسران سے خطاب کے دوران کیا۔میٹنگ میں چار اضلاع اننت ناگ،کولگام،شوپیان اور پلوامہ کے ضلع چنائو آفیسران کے علاوہ اسسٹنٹ ریٹریننگ افسران بھی موجود تھے۔سی ای او نے ضمنی چنائو کے احسن اور کامیاب انعقاد کے لئے افسران پر تمام لازمی اقدامات اُٹھانے پر زوردیا ۔انہوںنے چنائو عمل کے لئے ٹرانسپورٹ اوررابطہ نظام کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے رات دن ایک شکایتی سیل قائم رکھنے کی بھی ہدایت دی تاکہ چنائو سے متعلق کسی شکایت کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتے ضمنی چنائو کے حوالے سے نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دونوں کمشنروں کیساتھ داخلہ سیکریٹری کی تین گھنٹوں تک میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں سرینگر ضمنی چنائو کے دوران بڑے پیمانے پر ہوئی ہلاکتوں پر غور ہوا۔داخلہ سیکریٹری نے چنائو کمیشن سے کہا تھا کہ مرکز ر ممکن مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔