سرینگر/جنوبی ضلع اننت ناگ میں منگل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے دوران مجموعی طور13.61فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی۔
چیف الیکٹورل آفیسر جموں کشمیر، شیلندر کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اننت ناگ ضلع میں ووٹنگ کی شرح فیصد13.61رہی۔
اس ضلع میں آج صبح سات بجے سے دن کے چار بجے تک ووٹ ڈالے گئے۔
ووٹنگ کیلئے ضلع بھر میں حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
ضلع چھ اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے جن میں اننت ناگ، بجبہارہ،پہلگام،شانگس، ککرناگ اور ڈورو شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اننت ناگ حلقے میں3.47فیصد،ڈورو میں17.28فیصد،ککر ناگ میں19.36فیصد،شانگس میں15.09،بجبہارہ میں2.04فیصد جبکہ پہلگام میں20.37فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
اننت ناگ لوک سبھا نشست کیلئے جو سرکردہ اُمیدوار میدان میں ہیں اُن میں پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی، کانگریس کے غلام احمد میر، نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی،بھاجپا کے صوفی یوسف، پیپلز کانفرنس کے چودھری ظفر علی وغیرہ شامل ہیں۔