سری نگر//اننت ناگ اور پلوامہ میں آشا ورکروں نے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی آشاورکرعید گاہ جنگلات منڈی میں جمع ہوئیں اور مطالبات کو لے کر پر امن احتجاج کیا۔احتجاجی آشا ورکر تنخواہوں میں اضافہ اور کووڈ ڈیوٹی کے دوران ماہانہ اجرت فراہم کرنے کی مانگ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعدد بار یقین دہانیوںکے باوجود آج تک ان کے مطالبات پورا نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔احتجاجی ورکروں کا کہنا ہے کہ ماہانہ دو ہزار مشاہرہ پر مہنگائی کے اس دور میں گزارا کرنا کافی مشکل ہے۔ضلع صدر آشا ورکرز یونین دلشادہ ملک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انہیں مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں انتظامیہ نے تمام فرنٹ لائن ورکرز کے لئے ماہانہ اجرت کا اعلان کیا تاہم آشا ورکروں کو نظر انداز کیا گیا۔کووڈ 19 کے دوران اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ہیلتھ ورکرس کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کوبخوبی انجام دینے کے باوجود انہیں پس پشت ڈال دیا گیا جو سراسر ناانصافی ہے۔ادھر پلوامہ ضلع سے تعلق رکھنے والی آشا ورکروں نے بھی زور دار احتجاج کر کے کہا کہ انہیں جو مشاہراہ ماہانہ دیا جاتا ہے وہ ناکافی ہے۔