سرینگر/جنوبی قصبوں اننت ناگ اور بجبہارہ میں جمعرات کو دو مقامی جنگجوئوں کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کیخلاف ماتمی ہڑتال کی جارہی ہے۔
ضلع اننت ناگ کے بجبہارہ میں آج صبح فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جس کی شناخت 25سالہ صفدر امین بٹ ولد محمد امین بٹ ساکنہ زرپورہ، بجبہارہ اور25سالہ برہان احمد گنائی عرف سیف اللہ ولد غلام محمد گنائی ساکنہ ہابلش ،کولگام، حال ایس کے کالونی اننت ناگ ے طور ہوگئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق دونوں قصبوں اور ملحقہ علاقوں میں دکان اور کاروباری ادارے بند ہیں جبکہ ٹریفک بھی سڑکوں سے غائب ہے۔
حکام نے حساس مقامات پر فورسز اہلکاروں کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی ہے جبکہ موبائیل انٹر نیٹ سروس بھی معطل کی گئی ہے۔
اس سے قبل آج صبح پولیس کے مطابق بجبہارہ کے باگندر محلہ میں معرکہ آرائی پیش آئی جہاں فورسز نے محاصرے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔
پولیس نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز پارٹی پر گولیاں چلائیں جس کے جواب میں فورسز نے بھی گولیاں چلائیں اور یوں طرفین کے مابین معرکہ شروع ہوا۔ جنگجوئوں کی طرف سے گولیاں چلنا بند ہونے کے بعد جب وہاں تلاشی لی گئی تو فورسز کو دو جنگجوئوں کی لاشیں بر آمد ہوئیں ۔