پونچھ//مرکزی سرکار کی جانب سے چلائی گئی اسکیم انٹیگریٹیڈ واٹر شیڈ مینجمنٹ پروگرام کے تحت پونچھ ضلع میں بھی مٹی اور پانی کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے تعمیری کام کرائے جارہے ہیں ۔ اس اسکیم کے تحت کروائے گئے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے چیف ایگزیکٹو افسر سٹیٹ لیول نوڈل ایجنسی رشید آزاد انقلابی نے پونچھ کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دوران پروجیکٹ منیجر آئی ڈبلیو ایم پی پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے ان کااستقبال کیا اور ساتھ ہی پونچھ میں ہوئے کاموں کے بارے میں بھی روشناس کرایا۔ موصوف نے اپنے دورہ کے دوران جہاں کئی تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا وہیں انہوں نے ڈاک بنگلہ پونچھ کے کانفرنس ہال میںاجلاس منعقد کیا گیا جس میں محکمہ کی جانب سے مختلف پنچایتوں میں بنائی گئی واٹر شیڈ کمیٹیوں کے چیئرمین اور ممبران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران پروجیکٹ منیجر نے کہا کہ ان کی خوش بختی ہے کہ دور دراز علاقہ جات میںپانی کے ذخائر کو محفوظ کرنے کے اقدام کئے جا رہے ہیں۔ سی ای او ایس ایل این اے نے تمام واٹر شیڈ کمیٹیوں کے چیئرمین حضرات سے مختلف پنچایتوں میں کئے گئے تعمیراتی کاموں کے سلسلہ میں گفت وشنید کی اور انکے خیالات بھی سنے۔چیئرمینوں نے آئی ڈبلیو ایم پی کے پہلے اور دوسرے پروجیکٹ جن کا مقررہ وقت کچھ ہی ماہ بعد پورا ہونے جا رہاہے،کو توسیع دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں مزید رقومات فراہم کی جائیں تاکہ گائوں کے لوگوں کی ترقی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ واٹر شیڈ اسکیم نے پچھلے چند سال میں قابل ستائش کام کئے ہیں اس لئے اس سکیم کو مزید توسیع دینے کے ضرورت ہے ۔اپنے خطاب میں سی ای او ایس ایل این اے کہاکہ یہاں سامنے آئے مطالبات کوپورا کیاجائے گا۔انہوںنے محکمہ کے ملازمین کے ساتھ بھی میٹنگ کرکے انہیں ایمانداری اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت دی ۔اجلاس کے اختتام پر پروجیکٹ منیجر نے تمام شرکا ء کا اشکریہ ادا کیا۔