فیاض بخاری
بارہمولہ //جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس نونگمیکاپم کوٹیشور سنگھ نے سنیچر کوبارہمولہ ضلع کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بارہمولہ ضلع کورٹ کے کام کاج کا معائنہ کیا اور یہاں دوسری قومی لوک عدالت کا بھی افتتاح کیا۔ جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بارہمولہ کے زیر اہتمام دوسری قومی لوک عدالت کا آغاز کیا جس کے دوران مختلف نوعیت کے مقدمات کو خوش اسلوبی سے طے کیا گیا۔ چیف جسٹس نے خصوصی طور پر معذور مستحقین میں ٹرائی سائیکل اور دیگر مصنوعی آلات بشمول سماعت کے آلات اور وہیل چیئرز کے علاوہ 2000 روپے مالیت کے دو چیک بھی تقسیم کئے۔ MACT کے تحت 26 لاکھ روپے متاثرین کے حوالے کیے گئے۔ اس دوران ان افراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، جسٹس سنگھ نے انہیں عدلیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تاکہ ان کی زندگی کو آسان اور آرام دہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی چیلنجز میں مبتلا افراد کو معاشرے کی طرف سے دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی لوک عدالت کا آغاز کرنے کے بعد چیف جسٹس نے بارہمولہ ضلع کی تمام عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے سلسلے میں تمام متعلقہ افراد کے ساتھ ایک مختصر بات چیت کی۔ اپنے دورے کے دوران چیف جسٹس کو عدلیہ کی کارروائی کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ عوام تک انصاف کی فراہمی کو آسان بنانے کے لیے وقتاً فوقتاً مختلف نئے اور جدید طریقے متعارف کروائے جاتے ہیں۔ ایک جائزہ میٹنگ کے بعد، چیف جسٹس نے کورٹ کمپلیکس کے ہر حصے کا معائنہ بھی کیا اور بار ایسوسی ایشن بارہمولہ کے ممبران سے بات چیت کی جس کے دوران صدر بار ایسوسی ایشن بارہمولہ نے جج کو عدالت کے کام میں رکاوٹ ڈالنے والے مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔چیف جسٹس نے تمام مسائل اور مطالبات سننے کے بعد کہا کہ اٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی طور پر سمجھا جائے گا اور مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے انصاف کے حصول کے لیے پرانے مقدمات کو بروقت نمٹانے پر زور دیا اور اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ انصاف کے دروازے عام آدمی کو بغیر کسی رکاوٹ کے ان تک پہنچیں اور جوڈیشل افسران پر زور دیا کہ وہ جوش ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کریں۔۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے کورٹ کمپلیکس اوڑی کا بھی دورہ کیا اور عدالت کے کام کاج کا معائنہ کرنے کے علاوہ بار ایسوسی ایشن اوڑی کے ممبران سے بات چیت کی۔