سرینگر// کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے انشورنس فراڈ کے ایک معاملے میں کپوارہ کے ایک شخص کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے ۔ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ کشمیر نے پولیس اسٹیشن کپوارہ میں درج ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 53/2023 جس میں تعزیرات ہند کی دفعہ 420 اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 ڈی کے تحت کارروائی انجام دی گی، کے سلسلے میں سب جج کپوارہ کی عدالت میں باقاعدہ چارج شیٹ داخل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ کیس پولیس پوسٹ درگمولہ کپوارہ کو موصول ہونے والی ایک شکایت کی بنیاد پر شروع ہوا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ سلیم اکبر ولد محمد اکبر ساکن ہائہمامہ بٹہ پورہ کپوارہ حال ملہ پورہ ناگری ہتمولہ بیمہ پالیسی ہولڈروز کو نشانہ بنا کر دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم جس نے ماضی میں معروف انشورنس کمپنیوں جیسے میکس لائف انشورنس اور ادتیہ برلا سن لائف میں ٹیلی کالر کے طور پر کام کیا ہے ، نے دھوکہ دہی سے گاہکوں سے پالیسی قسطوں کی رقم وصول کی ہے اور یہ رقم اپنی پسند کے بینک کھاتوں میں جمع کرائی ہے بغیر اس کے کہ اصل انشورنس کمپنیوں کی کوئی اطلاع یا اجازت حاصل ہو۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات میں مزید یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سلیم اکبر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک منظم فراڈ کا جال بچھایا جس کے ذریعے دھوکہ دہی اور امانت میں خیانت کے جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن کپوارہ میں متعلقہ دفعات کے تحت با ضابطہ ایک ایف آئی آر درج کی گئی اور بعد ازاں تحقیقات کرائم برانچ سری نگر کو منتقل کی گئی۔