عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ // جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) بھیم سین توتی نے جمعرات کو سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کیا تاکہ آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا سکے اور عوامی رسائی اقدامات کا مشاہدہ کیا جا سکے۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، آئی جی پی کا دورہ ضلع بھر میں اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے کیمپوں کے معائنہ سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے انسدادِ دہشت گردی کی ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کی ستائش کی۔قابل ذکر ہے کہ ضلع پونچھ اور اس کے گرد و نواح میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ایس او جی کیمپوں کی تعداد اور افرادی قوت میں اضافہ کیا گیا ہے۔آئی جی پی نے سانگیوٹ اور بھاٹا دھوریاں (بی جی) کے سرحدی علاقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور حساس علاقوں میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے چیلنجنگ حالات میں جوانوں کی چوکسی، ہم آہنگی اور محنت قابل تحسین ہے۔انہوں نے ان علاقوں میں آپریشنل تیاری، بنیادی ڈھانچے اور اہلکاروں کی فلاحی سہولیات کا جائزہ بھی لیا اور پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی پر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔بعد ازاں، آئی جی پی جموں نے ضلع پولیس لائنز (ڈی پی ایل) پونچھ میں تھانہ دیوس کی صدارت کی، جس میں مقامی باشندوں، سول سوسائٹی کے اراکین اور پولیس کے سینئر افسران نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف عوامی شکایات اور مسائل اْٹھائے گئے جن کے فوری اور منصفانہ حل کی یقین دہانی آئی جی پی نے دی۔اپنے خطاب میں آئی جی پی بھیم سین توتی نے عوام دوست پولیسنگ، شفافیت اور عوامی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ضلع پونچھ پولیس کی عوامی رسائی کی کاوشوں کو سراہا اور تھانہ دیوس جیسے پروگراموں کو پولیس و عوامی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے مفید قرار دیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی راجوری-پونچھ رینج تجیندر سنگھ اور ایس ایس پی پونچھ شفیق حسین نے بھی خطاب کیا اور عوامی خدمت میں دیانتداری کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔