عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //نلین پربھات کو جموں و کشمیر میں تمام انسداد دہشت گردی،امن و قانون آپریشنز اوراسمبلی انتخابات سے متعلق معاملات کا کنٹرول دیا گیا۔ کشمیر اور جموں کے آئی جی پیز نے انسداد دہشت گردی اور امن و قانون کے معاملات کو نلین کو رپورٹ کرنے اور ان سے ہدایات لینے کی ہدایت کی۔ پی ایچ کیو میںایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لا اینڈ آرڈر کا دفتر خصوصی ڈی جی پی نلین پربھات کو الاٹ کیا گیا۔جموں اورکشمیر کے آئی جی پیزکو خصوصی ڈی جی پی کو رپورٹ کرنے اور ان سے ہدایات لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر اسمبلی انتخابات سے قبل ایک انتظامی اقدام کے طور پر الیکشن کمیشن نے بارہمولہ اور کپواڑہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ہندواڑہ کے ایس پی کے تبادلے کی ہدایت دی ہے اور انتظامیہ سے کہا ہے کہ آئی پی ایس افسران کا پینل وہاں تعینات کیا جائے گا۔چنائو اتھارٹی نے ایس ایس پی سرینگر آشیش مشرا کو بھی فارغ کرنے کی منظوری دی ہے، جو آئی پی ایس افسر ہیں جن کا جون 2023 میں جموں و کشمیر سے دہلی پولیس میں تبادلہ کیا گیا تھا لیکن انتظامی وجوہات کی بنا پر انہیں فارغ نہیں کیا جا سکا۔کمیشن نے یونین ٹیریٹری انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعرات کی شام تک سرینگر، بارہمولہ، ہندواڑہ اور کپواڑہ میں ایس پی/ایس ایس پی کے عہدے کے لیے آئی پی ایس افسران کا ایک پینل فراہم کرے۔الیکشن کمیشن نے آئی پی ایس نلین پربھات کی جموں کشمیر پولیس کے ڈی جی(آپریشنز اینڈ سیکورٹی)کے طور پر 30 ستمبر تک تقرری کو بھی منظوری دے دی ہے۔ وہ فی الحال انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن پر ہیں اور 30 ستمبر تک سپیشل ڈی جی کے طور پر تعینات ہیں۔اس نے اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنر سید فخرالدین حامد کی انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن مدت میں دو سال کی توسیع کو بھی منظوری دے دی۔ انہوں نے رواں سال 8 جولائی کو اپنی مدت ملازمت مکمل کی تھی۔ بارہمولہ کے ایس ایس پی گرندرپال سنگھ، ہندواڑہ کے ایس پی دائود ایوب اور کپوارہ کے ایس ایس پی شوبھت سکسینہ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔