سوپور میں 81کنال سرکاری اراضی کو تحویل میں لیا گیا
محمد تسکین+غلام محمد
بانہال +سوپور // بانہال قصبہ میں اتوار کی صبح ضلعی انتظامیہ نے قریب 61 دکانوں کو سیل کیا جبکہ ایک میڈیکل شاپ اور شیڈ کو منہدم کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری اراضی پر دکانوں کو غیر قانونی طورپر تعمیر کیا گیا تھا لہٰذا سبھی دکانوں کو سیل کرکے اْنہیں ایم سی بانہال کی تحویل میں دیا گیا۔انسداد تجاوزات مہم کے تحت ہسپتال گلی کے اندر سٹیٹ لینڈ پر تعمیر کئے گئے 61 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
تحصیلدار کی سربراہی میں محکمہ مال کی ٹیم نے پولیس کی بھاری تعیناتی کے بیچ ایک میڈیکل شاپ سمیت دو ڈھانچوں کو منہدم کیا۔نہال ہسپتال گلی میں سرکاری اراضی پر دکانیں تعمیر کی گئی تھیں جنہیں سیل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زا ئد از 61 دکانوں کو میونسپل کمیٹی بانہال کی تحویل میں دیا گیا اور ان دکانوں کے ساتھ کیا کرنا ہے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔دریں اثنا بانہال میں انہدامی کارروائی کے پیش نظر مارکیٹ سنسان اور بازار ویران دکھائی دے رہے تھے۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر بانہال میں پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ادھر شمالی ضلع بارہ مولہ کے سوپور قصبہ میں مقامی لوگوں نے 81 کنال سرکاری اراضی حکام کے حوالے کی۔ اتوار کے روز سوپور میں مقامی لوگوں نے 81 کنال سرکاری اراضی حکام کے حوالے کی جس کو بعد سپورٹس کونسل کے سپرد کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ سوپور قصبے میں ایک نجی تعلیمی ادارے نے رضاکارانہ طور پر کم از کم 81 کنال سرکاری اراضی ریونیو حکام کے حوالے کر دی ۔انہوںنے بتایا کہ اسکول کے حکام نے سوپور کے ہملینا علاقے میں کم از کم 81 کنال سرکاری اراضی ریونیو حکام کے حوالے کی ہے۔انہوں نے کہا، “تعلیمی ادارے ریاستی زمین کو کھیل کے میدان کے طور پر استعمال کر رہے تھے اور آج انہوں نے خود ہی یہ علاقہ خالی کر دیا۔”اہلکار نے مزید کہا کہ “81 کنال دو پلے فیلڈز پر مشتمل تھے۔