عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر انسدادِ بدعنوانی بیورو کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایک جونیئر اہلکار کیول کرشن نے شکایت کنندہ سے دومانہ، جموں میں دو منزلہ عمارت کی مزید تعمیر کی اجازت دینے کے لیے غیر قانونی رشوت کا مطالبہ کیا۔
ملزم اہلکار نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ سے 20ہزار کی رشوت طلب کی تھی، اور پہلے قسط کے طور پر دس ہزار وصول کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ تاہم، شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے انسدادِ بدعنوانی بیورو سے رابطہ کیا تاکہ ملزم اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
شکایت موصول ہونے کے بعد بیورو نے ابتدائی تحقیقات کیں، جن میں مذکورہ اہلکار کی جانب سے رشوت کے مطالبے کی تصدیق ہوئی۔ اس کے بعد پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں میں ایک مقدمہ زیر ایف آر نمبر 14/2025 درج کیا گیا جس میں انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 کے تحت کارروائی شروع کی گئی۔
تحقیقات کے دوران ایک گزیٹڈ رینک افسر کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کامیابی سے جال بچھا کر مذکورہ اہلکار کو شکایت کنندہ سے دس ہزار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
کارروائی آزاد گواہوں کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔ ملزم اہلکار کو موقع پر ہی قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ رشوت کی رقم بھی اس کے قبضے سے برآمد کر لی گئی۔
اس کے علاوہ، جموں کے فلور ہرمکند گجن سو میں ملزم کے رہائشی مکان کی تلاشی بھی مجسٹریٹ اور آزاد گواہ کی موجودگی میں لی گئی جبکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
انسدادِ بدعوانی بیورو کی کارروائی، جے ڈی اےملازم کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا
