سرینگر// جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا ہے کہ سنت الٰہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی قوم کی حالت اُس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے کو بدلنے پر آمادہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ شہر قرآن کی آمد کا مقصد ہی ہے کہ انسانی نفوس پر اللہ کی حکمرانی قائم ہو۔ ڈاکٹرالکندی گوگجی باغ ، وانی یار سرینگر اور وادی کے مختلف خطوں میں اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ساری انسانیت بالعموم اور اُمت مسلمہ بالخصوص دردوکرب میں مبتلا ہے اور اسلام میں ہی یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ انسانیت کو حیاتِ نو فراہم کرے۔ دریں اثناء برزلہ ، بمنہ ، نارہ بل ، گاؤکدل ، سونہ وار ، چھتہ بل ، ستھو بربرشاہ ، خانصاحب ، باغات کنی پورہ ، نوہٹہ ، اخراج پورہ ، لسجن ، کرالہ کھڈ ، رعناواری، اونتہ بھون ، عید گاہ ، سوپور ، بارہ مولہ ، شوپیان ، بازار مسجد بٹہ مالو اور رکھ شالنہ میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علمائِ جمعیت نے عامۃ المسلمین سے وحدتِ فکر و عمل کے بل پر کھڑا ہوکر اُمت میں انتشارو افتراق پیدا کرنے کی ہرکوشش ناکام بنانے کی اپیل کی ۔ مقررین نے بالخصوص اہل ریاست سے گذارش کی کہ وہ جمعیت کے تبلیغی ، دعوتی ، تعلیمی پروگراموں کے فروغ کے لئے حسب ِ سابق عطیات و صدقات وقف کرے۔