سرینگر// حریت (گ)چیئر مین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ اس خطے میں جو بھی خون خرابہ اور انسانی زندگیوں کا اتلاف ہورہا ہے، اس کے لئے صرف بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی والی پالیسی ذمہ دار ہے۔ گیلانی نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں آگ وآہن کا کھیل کھیلنے سے بھی حکمرانوں اور ان کی وردی پوش فورسز کو تسلی نہیں ملتی۔ وہ جوانوں کو دن میں گولی بارود سے ختم کردیتے ہیں اور رات کے اندھیرے میں ان کے گھروں میں چھاپے مار کر انہیں گرفتار کرکے عقوبت خانوں کی نذر کرتے ہیں۔ گیلانی نے کہا کہ بھارتی پالیسی ساز، فوج اور ان کے مقامی گماشتے جوانوں کو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کرپارہے ہیں۔ بھارت ریاست جموں کشمیر میں اجتماعی قتل وغارت گری کرکے ایک بار پھر 90ء جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ یہاں کے لوگوں کو ظلم وبربریت کا نشانہ بنا سکے۔ وہ لوگوں کوپشت بہ دیوارکررہے ہیں اور طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے انہیں ہر طرح سے بے بس بنانا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس کا لوگوں کی طرف سے ایک ردّعمل ہو، تاکہ انہیں عام شہریوں کو بُلٹ اور پیلٹ کے ذریعے سے ہلاک اور اندھا کرنے کا بہانہ ہاتھ آجائے۔روزانہ عسکری تصادم کے نام پر ہمارے جوانوں کو قتل کرکے پُرامن مظاہرین پر طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے عوام کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ یا تو کوئی انتہائی اقدام کریں یا پھر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائیں۔انہوں نے کریری پٹن کے عسکریت پسند وںکو خراج تحسین پیش کیا ۔