سرینگر// حریت(ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق سے متعلق صورتحال کی جانچ کیلئے’’حقائق کا مشاہدہ کرنے پر مبنی مشن‘‘ جموں کشمیر روانہ کرے۔کئی دنوں کی رہائشی نظر بندی کے بعد جامع مسجد میںنماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے بشری حقوق ہفتہ کی تقریبات پر سرکار کی بریک اورحریت قیادت کیخلاف قدغنوں اور بندشیں عائد کرنے کے عمل کو مسلمہ جمہوری اور انسانی قدروں کی بیخ کنی کے مترادف قراردیا۔ میرواعظ نے اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ’’ حقوق انسانی کے حوالے سے جو رپورٹ منظر عام پر لائی گئی ہے،اب ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ فوری طور ایک’’حقائق جاننے کا مشن‘‘ کو جموں کشمیر روانہ کریں جویہاں حالات کا مشاہدہ کرے ۔ میرواعظ نے کہا کہ جموںوکشمیر میں بھی مزاحمتی قیادت نے عالمی بشری حقوق کے دن کے حوالے سے ایک پر امن پروگرام کا اعلان کیا تھا او ر لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ موم بتیاں اور مشعلیں روشن کرکے پر امن طور پر انسانی حقوق کی پامالیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی آواز بلند کریں لیکن ’’ حکومت وقت نے پوری حریت قیادت کو نظر بند کردیا ، کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ، مزاحمتی قائدین اور کارکنوں کو جیلوں میںبھر دیا گیا حتیٰ کہ موم بتیاں جلا کر احتجاج کرنا بھی جرم قرار دیا گیا ‘‘۔میر واعظ نے عالمی یوم حقوق البشرکے حوالے سے منائی جارہی تقریبات کے دوران حریت لیڈروں، کارکنوں، ٹریڈرس اور دیگر مکتبہ فکر سے وابستہ لوگوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ’’ کشمیر کو ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے‘‘۔