سرینگر//حریت (گ) کے اجلاس میں چیئرمین سید علی گیلانی کی طویل خانہ نظر بندی،سینئر رکن محمد یوسف ندیم کی ہلاکت ،کٹھوعہ میں معصوم آصفہ کے قاتلوں کی سیاسی پشت پناہی سمیت دیگر اہم مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔بیان کے مطابق حریت کا اہم اجلاس سیکریٹری جنرل حاجی غلام نبی سمجھی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں میں ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حریت چیرمین سید علی گیلانی کی مسلسل خانہ نظربندی سے اُن کے صحت پر پڑنے والے مضر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اِسے انسانی حقوق کو پامال کرنے اور پُرامن سیاسی سرگرمیوں کو مکمل طور مفلوج کرنے کے مترادف قرار دیا گیا اور اس ظالمانہ اور جابرانہ طرزِ عمل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں مجلس شوریٰ کے رُکن محمد یوسف ندیم کی کمی کو بڑی شدّت کے ساتھ محسوس کیا گیا۔ اجلاس کی کارروائی کو انہیں اشکبار آنکھوں سے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کے حق میں ایصال ثواب کے لیے فاتحہ پڑھنے کے بعد شروع کیا گیا۔ اجلاس میں کٹھوعہ کے مقام پر ایک معصوم کمسن بچی آصفہ کی اغوا کاری کے بعد اُن کی عصمت وآبروریزی اور سفاکانہ قتل میں ملوث مجرمین کی سرکاری پُشت پناہی کو ایک سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے محسوس کیا گیا کہ جموں کشمیر کی موجودہ فرقہ پرست گٹھ جوڑ والی حکومت اس انسانیت سوز واقعے کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اجلاس میں سرینگر سینٹرل جیل میں مقید اسیرانِ زندان کو طرح طرح کے حیلے بہانوں سے جسمانی اور ذہنی کوفتوں میں مبتلا کئے جانے اور ان قیدیوں کو سیکورٹی حساسیت کے ساتھ جوڑ کر ریاست سے باہر کے جیلوں میں منتقل کرنے کی ظالمانہ کارروائی کی مذمت کی گئی۔ حریت کے اجلاس میں سویہ بُگ بڈگام کے معمر شخص سید حبیب اللہ کو راست فائرنگ کرکے جاں بحق کرنے پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا اور اس واقعے میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف FIRدرج کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں جن تنظیموں کے سربراہان یا نمائندوں نے شرکت کی ان میں غلام نبی سمجھی (مسلم کانفرنس)، محمد یٰسین عطائی (پیپلز لیگ ـ’ش‘)، سید یعصوب سبطی (پیرانِ ولایت)، سید بشیر احمد اندرابی (کشمیر فریڈم فرنٹ)، یاسمین راجہ (مسلم خواتین مرکز)، سید امتیاز احمد (پیپلز فریڈم لیگ)، فیروز احمد خان (مسلم لیگ)، خواجہ فردوس احمد (ڈیموکریٹک پیپلز مومنٹ)، سید محمد شفیع ( پیپلز لیگ ’خ‘)، محمد شفیع لون (ایمپلائز مومنٹ)، پرنس سلیم (ماس مومنٹ)، پیر عبدالرشید (تحریک حریت)، محمد یوسف نقاش (اسلامک پولیٹکل پارٹی)، گلشن عباس (تحریکِ وحدت اسلامی)، حکیم عبدالرشید (مسلم ڈیموکریٹک لیگ) اور غلام احمد گلزار (انصاف پارٹی) ،شامل ہیں۔