یو این آئی
غزہ// اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کے پاس تاحال کوئی امداد نہیں پہنچ سکی ہے ۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ امداد کی تقسیم میں مشکلات کے باعث اب تک ضرورت مند افراد تک کوئی امداد نہیں پہنچ سکی ہے ۔ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آٹا، بچوں کی خوراک اور طبی سازوسامان لے جانے والے 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دی ہے ۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں خوراک کی تقسیم کیلئے امریکا کے ساتھ مل کرمنصوبہ تیار کیا ہے ، امدادی سامان پر حماس کے قبضے کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ادھر اقوام متحدہ نے اسرائیلی فوج کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ آٹا، بچوں کی خوراک اور طبی ساز و سامان لے جانے والے 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے ۔اقوام متحدہ حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امداد کی تقسیم میں مشکلات کے باعث اب تک ضرورت مند افراد تک کسی قسم کی امداد نہیں پہنچ سکی ہے ۔واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے عالمی دباؤ کے بعد یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ جانے کی اجازت دے دی ہے ۔اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی بندش کے باعث اسرائیل کو متعدد ممالک کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔