زاہد بشیر
گول// علاقہ اندھ کو گو ل کے ساتھ ملانے والی واحد سڑک پر قریباً دو سال قبل محکمہ تعمیرات عامہ نے کام شروع کیا تھا جس سے مقامی لوگوں میں کافی خوشی محسوس ہوئی تھی لیکن نا معلوم وجوہات کی بناء پر سڑک تعمیر کرنے والا ٹھیکیدار ہی فرار ہے ۔ جس وجہ سے آج دو سال گزرنے کے با وجود یہ سڑک جوں کی توں پڑی ہوئی ہے اور اس نے کھنڈر کی شکل اختیار کی ہے ۔
اس سڑک کے جڑنے سے پورا علاقہ اندھ و دوسرے گائوں کو فائدہ حاصل ہو سکتا ہے لیکن ان غریب اور پسماندہ لوگوں کے ساتھ جہاں ٹھیکیدار نے دھوکہ دیا ہے وہیں محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ حکام کی یقین دہانیاں بھی کام نہیں آئی ہیں ۔ ایک سماجی کار کن نذیر احمد ڈار نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر سڑک کی تعمیر کے دوران ہی ٹھیکیدار فرار ہوا ہے اور 150سے زائد کریٹ ،5سکاپر کا سلیب ڈالنا بھی تھا لیکن ٹھیکیدار ادھورا کام چھوڑ کر فرار ہوا ہے اور آج تک وہ یہاں دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ سے بھی بات کی تھی لیکن محکمہ اور ٹھیکیدار کے بیچ سانٹھ گانٹھ کی وجہ سے ان ٹھیکیداروں کو کوئی پوچھتا ہی نہیں ہے جس وجہ سے یہ ٹھیکیدار بے پرواہ ہو کر خزانہ عامرہ کو دو دو ہاتھوں سے لوٹتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس سلسلے میں ایکسن ضلع رام بن سے بھی ملاقی ہوئے تھے جنہوں نے علاقے میں اس کام کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ان کے دعوے بھی سراب ثابت ہوئے ہیں اور نہ ہی انتظامیہ عوام کی بات سنتی ہے ۔ انہوں نے لفٹنٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے لوگوں کے ساتھ انصاف کیا جائے اور جلد از جلد اس سڑک کی تعمیر کو دوبارہ شروع کر کے پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور ایسے ٹھیکیداروں کے کارڈوں کو بلیک لسٹ کیا جائے جو خزانہ عامرہ کو لوٹتے ہیں اور عوام کے ساتھ دھوکہ کرتے ہیں ۔