پلوامہ//جنوبی کشمیر میںالیکشن کے پیش نظرجاری پولیس کریک ڈائون کے تحت پلوامہ اور شوپیان میںاندھا دھند طریقے سے گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں اور دن رات گھروں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی جارہی ہیں۔تازہ کارروائیوں میں صرف پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں اب تک قریب 95افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔انتخابات کے دن امن و قانون کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لئے پولیس نے ایک منصوبہ بند طریقے سے گرفتاریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں پلوامہ اور شوپیان میں نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کیا جارہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان پتھرائو میں ملوث ہیں لیکن عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے موقعہ پر ہی یہ نوجوان مطلوب کیسے بن گئے جبکہ شازو نادر ہی کہیں پتھرائو کے واقعات رونما ہورہے ہیں اور نومبر سے لیکر اب تک اس قسم کی گرفتاریاں نہیں کی گئیں ۔جنوبی کشمیر میں حالیہ ایام کے دوران قریب160نوجوان گرفتار کئے گئے ہیں۔سب سے زیادہ گرفتاریاں پلوامہ ضلع میں عمل میں لائی گئی ہیںجہاں دستیاب اعدادوشمار کے مطابق قریب70نوجوان حراست میں لئے جاچکے ہیں۔چند روز پہلے مورن پلوامہ میں شبانہ چھاپوں کے دوران ایک ہی گائوں سے23افراد حراست میں لئے گئے جن میں عمر رسیدہ افراد بھی شامل ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ باپ کو بیٹے کے بدلے، بھائی کو بھائی کے بدلے پابندد سلاسل بنایا جارہا ہے۔چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران عام لوگوں کے مکانوں کا حلیہ بھی بگاڑا جاتا ہے۔پولیس نے گزشتہ شب پلوامہ کے زاکیگام اور متری گام میں کئی گھروں میں چھاپہ مار کر کم از کم 10 افراد کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ یہ تمام افراد پتھرائو کرنے میں ملوث ہیں۔ان میں سے بعض کے نام مدثر احمد شیر گجری، محمد مقبول وانی اور مشتاق احمد بٹ ساکنان متری گام کے بطور معلوم ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پلوامہ رئیس بٹ نے بتایا کہ انہوں نے ان دنوں کے دوران قریب70 افراد، جو پتھرائو کرنے اور امن و قانوں بھگاڑ نے میں ملوث تھے، کو گرفتار کر لیا ہے۔تاہم گرفتار کئے گئے نوجوانوں کے والدین اور رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ انہیں ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی ہے۔ شاہد ٹاک کے مطابق شوپیان ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی شبانہ چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ابھی تک شوپیان ضلع میں25نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے۔ پولیس نے گزشتہ شب شوپیان کے دانگام اور امام صاحب علاقے میں چھاپوں کے دوران کم سے کم9 افراد کو گرفتار کر لیا ۔ جبکہ گزشتہ ہفتے میں کم از کم 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان چھاپوں کے دوران دانگام میں گرفتار کئے گئے تین افراد کی شناخت محمد شفیع پال ولد علی محمد، ثاقب بشیر ولد بشیر احمد شیخ اورفاضل احمد بٹ ولد گل محمد بٹ کے بطور ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے پولیس پر چھاپوں کے دوران انہیں ہراسا ں کرنے اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کے الزامات بھی عائد کئے۔ایس پی شوپیان طاہر سلیم نے بتایا کہ یہ تمام گرفتار افراد امن و قانون کی صورتحال میں رخنہ ڈالنے میں ملوث تھے۔گرفتار شدہ افراد کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس بنا تفتیش کئے نوجوانوں کو گرفتار کر رہی ہے جبکہ وہ کسی بھی پتھراوئووغیرہ میں ملوث نہیں ہیں۔