سرینگر//اندرانگر علاقے میں زیرتعمیر ڈرینیج نظام کی سست رفتاری نے آبادی کوشدید مشکلات سے دوچارکیاہے۔ علاقے میں رہائش پزیدلوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس ڈرینج سسٹم کی تعمیر کاکام ٹھیکیدار نے جون کے مہینے میں شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈرین کی کھدائی کی وجہ سے کالونی کی سڑکوں کو کھوداگیا جس کی وجہ سے لوگوں کوچلنے پھرنے میں شدید دقتوں کاسامنا ہے ۔علاقے کے لوگوں نے بتایا کہ اس ڈرینیج سسٹم کی تعمیرابھی تک حکام کی تساہل پسندی اور لاپرواہی کی وجہ سے مکمل نہیں ہوئی اور علاقے کے لوگوں کو اس کی وجہ سے زبردست مشکلات درپیش ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال2014کے سیلاب نے کالونی کاپورابلدیاتی ڈھانچہ تباہ کیا لیکن انتظامیہ نے ابھی تک یہاں کی نالیوںاورسڑکوں کی مرمت نہیں کی جو سیلاب سے خراب ہوئی تھی۔جس کی وجہ سے لوگوں کے مسائل بڑھ گئے ہیں ۔علاقے کے ایک شہری محمد شفیع نے کہا’’ناکارہ نکاسی آب کانظام ہونے کی وجہ سے یہاں کی سڑکیں اکثر پانی میں ڈوبی ہوتی ہیں،جس سے پیدل چلنے والوں اورگاڑی والوں کو یکسان پریشانی ہوتی ہے‘‘۔ ایک اور شہری مولوی بشیراحمد نے کہا’’علاقے میں ڈرینیج کی تعمیر کاکام کئی بار ہاتھ میں لیاگیا لیکن ابتدائی طور کچھ کام کرنے کے بعد ہربارکام ادھورا چھوڑاگیا‘‘۔انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ علاقے میں ڈرینیج سسٹم کی تعمیر کو فوری طور مکمل کیاجائے۔اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجینئر ڈرینیج ڈویژن ظفرمصطفی نے کہاکہ سرینگرمیونسپل کارپوریشن نے ڈرینیج کام جون2017میں دردست لیا اور اُسے یہ ڈیڑھ سال میں مکمل کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم پروجیکٹ کام کررہے ہیں اور ہم اس کام کو معینہ مدت سے کافی کم عرصے میں مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈرینج کاکام دیا گیا ہے اور سڑکوں کی تجدیدکنٹونمنٹ بورڈ کو کرنی ہے لیکن ہم نے سڑکوں کی تجدیدکاکام بھی لیا ہے کیونکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے پاس وسائل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ منورنجن لین تک ڈرینیج کاکام مکمل ہوا ہے اور ایک بار مٹی ہٹانے کاکام مکمل ہوگا توہم سڑک کودس دن میں بحال کریں گے،لیکن سڑک پر میکڈم موسم گرمامیں بچھایا ائے گا۔