سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/ دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو بارہمولہ کے منتخب رکن اسمبلی انجینئر رشید کو دو گھنٹے کی پیرول کی تحویل میں دینے کا حکم دیا ہے تاکہ وہ 5 جولائی کو لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لے سکیں۔انجینئر رشید، جو اس وقت منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں، نے پٹیالہ ہائوس کورٹ میں عبوری ضمانت یا پیرول کے لیے درخواست کی تھی تاکہ وہ لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لے سکیں۔نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے وکیل نے پیر کو عدالت کو بتایا کہ اگر انجینئر رشید کو عدالت لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے کی اجازت دیتی ہے تو ایجنسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ تاہم ایجنسی نے ان پر کچھ پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا، جس میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ میڈیا سے بات نہیں کریں گے۔انجینئر رشید نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ کو بارہمولہ لوک سبھا حلقہ میں 2 لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔