عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)کے مقدمات کی سماعت کرنے والی عدالت سے کہا کہ وہ ملی ٹینسی فنڈنگ کیس میں جیل میں بند جموں و کشمیر کے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کی درخواست ضمانت پر جلد فیصلہ کرے۔ جسٹس وکاس مہاجن نے کہا، ” پٹیالہ ہائوس کورٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ عرضی گزار کی ضمانت کی درخواست کو تیزی سے نمٹائے۔” عدالت رشید کی درخواست پرسماعت کررہی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ این آئی اے عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست کو نمٹانے کے سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی۔جسٹس مہاجن نے مشاہدہ کیا کہ ہائی کورٹ کی طرف سے ایک ہدایت جاری کی گئی تھی جس میں واضح کیا گیا تھا کہ این آئی اے عدالت اس کیس کی سماعت جاری رکھے گی۔پیش رفت کے پیش نظر رشید کے وکیل نے ہائی کورٹ سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی۔