سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/جیل میں بند رکن پارلیمنٹ اور عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی)کے صدر انجینئر رشید نے رات 8بجے سے تہاڑ جیل کے اندر 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ان کی کال پراے آئی پی قیادت اور پورے خطے کے نچلی سطح کے نمائندوں نے یکجہتی کے لیے بھوک ہڑتال میں شمولیت اختیار کی۔ شرکت کرنے والوں میں پارٹی کے نائب صدر جی این شاہین، سینئر لیڈر اورایم ایل اے لنگیٹ شیخ خورشید، جنرل سکریٹریز پرنس پرویز اور نذیر احمد خان، سیاسی امور کی کمیٹی کے چیئرمین اشتیاق قادری،فردوس بابا، ریاستی سکریٹری شیخ عاشق سمیت پارٹی کے کئی لیڈران شامل ہیں۔پارٹی کے چیف ترجمان انعام النبی نے کہا’’ہم ناانصافی کے خلاف اس احتجاج میں اپنے صدر کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’یہ بھوک ہڑتال صرف یکجہتی کا عمل نہیں ہے بلکہ یہ قوم کے ضمیر کیلئے ایک اخلاقی پکار ہے‘‘۔اے آئی پی نے ایک بار پھر قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ بغیر مقدمہ چلائے قید سینکڑوں کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائیں، فوری انصاف اور منصفانہ قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کریں۔