عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// عوامی اتحاد پارٹی (AIP) کے صدر انجینئر رشید نے اعلان کیا ہے کہ وہ تہاڑ جیل میں 24 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کریں گے۔ یہ بھوک ہڑتال ہفتہ 28 جون شام 8 بجے سے اتوار 29 جون شام 8 بجے تک جاری رہے گی، تاکہ کشمیریوں کو مسلسل جمہوری حقوق سے محروم رکھنے کے خلاف احتجاج درج کرایا جا سکے۔یہ بھوک ہڑتال اس تلخ حقیقت کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش ہے کہ قومی سطح کی سیاسی جماعتیں تہاڑ جیل اور دیگر جیلوں میں یو اے پی اے جیسے ستمگر قوانین کے تحت محض سیاسی نظریات کی بنیاد پر قید سینکڑوں کشمیریوں پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان اعلیٰ انعام النبی کے مطابق، انجینئر رشید نے حالیہ ملاقات کے دوران اپنے اہل خانہ کو اس فیصلے سے آگاہ کیا ۔