سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے مسئلہ کشمیر کے لئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو واحد قابل قبول حل قرار دیتے ہوئے نئی دلی سے سوال کیا ہے کہ اگر جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے تو پھر اس ریاست کا الگ آئین اور الگ پرچم کیوں ہے۔پارٹی کے کور گروپ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ جموں کشمیر کسی بھی طرح بھارت کا کوئی اٹوٹ انگ نہیں ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی ہر سال ریاستی پرچم کا دن فقط نئی دلی کو اس بات کی یاد دہانی کرانے کے لئے مناتی آرہی ہے کہ جموں کشمیر ایک علیٰحدہ اور منفرد شناخت ہے جسکا اپنا آئین اور پرچم ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیئے کہ ریاستی عوام کے لئے اپنا پرچم ترنگے کے مقابلے میں کسی بھی طرح کم اہمیت نہیں رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی اب کے بھی 7جون کو پرچم ریاست کے دن کے بطور منائے گی اور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ اس تقریب میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوجائیں تاکہ نئی دلی پر ایک بار پھر بہ آواز بلند واضح کیا جاسکے کہ جموں کشمیر اسکی کسی اور ریاست کی طرح نہیں بلکہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔