انجمن فروغ اُردو جموں نے عرش صہبائی کو خراجِ تحسین پیش کیا

Towseef
3 Min Read

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//انجمن فروغ اردو کے بینر تلے جموں کے کے۔ ایل۔ سہگل ہال میں اردو کے دو شاعروں کی کتابوں کی رسم رونمائی کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر قدوس جاوید نے کی۔ پروفیسر زمان آزردہ،عروف صحافی سہیل کاظمی ، کلچرل اکیڈمی کی سکریٹری ہر وینڈر کور اور ایاز نازکی نے مہمانان ذی وقار کے طور پر اسٹیج کو رونق بخشی۔ فوزیہ ضیا صدر انجمن بھی سٹیج پر موجود تھیں۔انجمن کے سر پرست اعلی امین بانہالی نے حاضرین اور دیگر شرکا کو خوش آمدید کہا۔ مرحوم عرش صہبائی کی شاعری کی کتاب ” تیری دلکش ادائیں ” اور خورشید کا ظمی کی دو شاعری کی کتابیں ” طائر خیال” اور “حسن تغزل ” کا اجراء ہوا۔ خورشید کا ظمی کے نام مختلف ادبی شخصیات کے خطوط پر مشتمل کتاب’’میرے نام‘‘ کا اجراء بھی کیا گیا۔تحریک بقائے اردو کے صدر عرفان عارف نے عرش صہبائی کی کتاب پر مقالہ پیش کیا اور ڈاکٹر شاہنواز ، خالد حسین، اسیر کشتواڑی اور ڈاکٹر سید ضمیر نے خورشید کا ظمی کی کتابوں پر اپنے تا اثرات پیش کئے۔عرش صہبائی کے بیٹے اور حال ہی میں شروع کی گئی عرش صہبائی میموریل ادبی ایوارڈ کمیٹی کے صدر ارون ابرول نےاردو زبان کے شاعروں اور ادیبوں کو ایوارڈز دینے کے لیے کمیٹی کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس سال اسیر کشتواڑی اور ڈاکٹر ٹی آر ، رینا کو ایوارڈ دیا جارہا ہے۔سپاس نامے پڑھے جانے کے بعد ان دو ممتاز سکالر ز کو مومنٹو ، شال اور نقدی سے نوازا گیا ۔ ہر ویندر کور نے ان شاعروں کا شکر یہ ادا کیا جن کی کتابیں منظر عام پر آئی ہیں۔پروفیسر زمان آزردہ اور تقریب کے صدر پروفیسر قدوس جاوید نے مرحوم عرش صہبائی کی شاعری کی تعریف کی جو ان کی دو درجن سے زائد کتابوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے خورشید کاظمی کو مبارکباد پیش کی اور اُمید جتائی کہ مستقبل قریب میں ان کی مزید کتا بیں آئیں منظر عام پر آئیں گی۔ انہوں نے ارون ابر ول کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی جنہوں نے اپنے نامور والد عرش صہبائی کے اعزاز میں ایوارڈ کا آغاز کیا ہے جو بر صغیر پاک و ہند کے معروف اردو شاعروں میں سے ایک ہیں۔ پروفیسر آزردہ نے کہا کہ جموں میں آکر کہنا پڑتا ہے کہ ہم زندہ ہیں ہے۔شکریہ کی تحریک انجمن کی صدر فوزیہ مغل ضیا نے پیش کی۔ تقریب کی نظامت نہایت پر اثر اور عمدہ انداز میں عرفان عارف نے فرمائی۔

Share This Article