سرینگر// انجمن شرعی شیعیان زون جڈی بل کا یک روزہ اجلاس اوقاف بلڈنگ گاسی یار جڈی بل میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں زون جڈی بل کے تمام تنظیمی اراکین و عاملین کے علاوہ نوجوانوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ تنظیم کے ایک بیان کے مطابق اجلاس کی صدار تنظیم کے سربراہ اور حریت رہنما آغا سید حسن نے کی ۔اجلاس میں تنظیم کی سابقہ کارکردگیوں کا جائز ہ لیا گیا اور اراکین کے احساسات پر مبنی آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔اراکین نے اس دوران آغا کی رہائش گاہ پر NIA کی طرف سے حالیہ چھاپے اور اہل خانہ کو دن بھر یرغمال بنانے کی کاروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کا سلوک کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیںکیا جائے گا۔ اس دوران آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ ریاستی عوام کی تحریک آزادی مراعات یا حکومت سازی کی لڑائی نہیںبلکہ سوا کروڑ انسانوں کے سیاسی مستقبل کا سوال ہے، جس کو طاقت و تشدد یا مراعاتی حربوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔جن اراکین نے اجلاس سے خطاب کیا اُن میں غلام محمد ناگو، انجینئر محبوب علی ، نثار حسین عالمگیر، حکیم اشرف علی، مرزا شبیر حسین بیگ، محمد یاسین بٹ، ذاکر سید طاہر حسین موسوی اور مرزا مدثر حسین بیگ شامل ہیں۔