سرینگر//انجمن شرعی شیعیان زون میربحری کے اراکین و عاملین کا ایک خصوصی اجلاس عشائی باغ میر بحری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی معاملات کو زیر بحث لایا گیا اور میر بحری میں تنظیم کے دینی ، سماجی اور سیاسی پروگراموں کی اطمینان بخش عمل آوری کیلئے کئی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اراکین و عاملین نے زون میر بحری میں تنظیمی پروگراموں کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن کی قیادت پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی قیادت میں تنظیم کی 14 سالہ کارکردگی کھلی کتاب کی مانند ہے اور اس مدت کے دوران تنظیم نے کئی سنگ میل عبور کئے ،دینی اور سیاسی سطح پر تنظیم کی مقبولیت اور اعتباریت میں اضافہ ہوا، تنظیم کے ہر شعبے کی کارکردگیوں کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوا۔ اجلاس میں میر بحری میں شاخہائے جامعہ باب العلم کو مزید فعال اور متحرک کرنے کیلئے چند ایک تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں زون میر بحری کے زونل کنوینشن کے انعقاد کا بھی فیصلہ لیا گیا۔