سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر اور میرواعظ فانڈیشن کے باہمی اشتراک سے مرتب کردہ اسلامی تقویم اور میقات الصلو و الصوم سے آراستہ سال2022-23 کا خوبصورت اور دیدہ زیب کلینڈر جمعرات کوباقاعدہ انجمن کے صدر دفتر پر جاری کیا گیا۔ایک بیان کے مطابق قدیم روایت کے مطابق کلینڈر جا مع مسجد کے اجتماع میں سربراہ انجمن میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق بذات خود اجرا کرتے تھے ،تاہم جا مع مسجد کے بند ہونے اور میرواعظ موصوف کی مسلسل ڈھائی سال سے نظر بندی کے سبب امسال بھی یہ ممکن نہیں ہوسکا۔کلینڈر حسب روایت مفت تقسیم کیا جاتا ہے ،تاہم امسال جو حضرات ہدیہ پیش کرنا چاہیں، کلینڈر پر جامع مسجد کا QR code دستیاب ہے ،اس کے توسط سے تعاونکیا جاسکتا ہے ۔امسال کے کلینڈر میں نادانستہ طور پر پروف ریڈنگ میں کوتاہی کے سبب خلیفہ چہارم سیدنا حضرت علیؓ کی تاریخ شہادت سمیت کچھ اہم تقاریب اور تاریخوںکا اندراج رہ گیا ہے جس کیلئے ادارہ معذرت خواہ ہے تاہم مذکورہ کلینڈر کا اصلاح شدہ PDF بھی جاری کیاگیاہے ۔