سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجدسرینگر اور انجمن نصرۃ الاسلام کے عہدیداروں اور اراکین کا ایک مشترکہ اجلاس اوقاف کے نائب صدرمولانا احمد سعید نقشبندی کی صدارت میں انجمن اوقاف کے صدر دفتر پر منعقد ہوا۔اجلاس میں انجمن نصرۃ الاسلام کے جنرل سیکریٹری محمد ابراہیم شاہ کے علاوہ دونوں اداروں کے سرکردہ عہدیداروں اور اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر اور انجمن نصرۃ الاسلام کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی مسلسل خانہ نظر بندی اور ان کی پر امن دینی، ملی ،سماجی اور دعوتی سرگرمیوں پر قدغن کیخلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسکی پر زور مذمت کی گئی۔اجلاس میں بھارتی تفتیشی ایجنسی NIA کی جانب سے انجمن اوقاف اور انجمن نصرۃ الاسلام جیسے خالص عوامی ، مذہبی اور تعلیمی اداروں کے نام نوٹس اجرا کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کا عمل صرف انجمن اوقاف جامع اور میرواعظ عمر فاروق کو ہراساں کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ اس سے قبل بھی میرواعظ کے قریبی رشتہ داروں اور سیاسی رفیقوں کوNIA کی جانب سے پوچھ گچھ کیلئے نئی دہلی طلب کیا گیا ہے جس کا مقصد صرف اور صرف میرواعظ پر دبائو ڈالنے اور انہیںاپنے سیاسی نظریات اور اصولی موقف سے دستبردار کرانے کیلئے ان خالص عوامی، مذہبی اور تعلیمی اداروں کے نام نوٹس جاری کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا اور اس طرح کی کارروائیوں کو سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے اسکی پر زور مذمت کی گئی۔