عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//حکومت نے بدھ کے روز کئی ایسے احکامات کو منسوخ کر دیا جس میں لیفٹیننٹ گورنر کو ان کے مشیروں کے ساتھ انتظامی کونسل کی سربراہی کا اختیار دیا گیا تھا، اور کونسل میں وزراء کے اختیارات رکھنے والے دیگر افسران تھے۔جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں بزنس رولز اور اختیارات سے متعلق ایک عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک سرکاری حکم نامہ میں لکھاگیا ہے’’ 13اکتوبر 2024 کو وزارت داخلہ، حکومت ہند کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹس5.0کے مطابق یہ حکم دیا جاتا ہے کہ 2020کا گورنمنٹ آرڈر نمبر 808-JKGADمورخہ یکم ستمبر2020،آرڈر نمبر 809-JKGADمورخہ یکم ستمبر2020،آرڈر نمبر 810-JKGAD مورخہ یکم ستمبر2020،آرڈر نمبر 811-JKGAD مورخہ یکم ستمبر2020کو کسی بھی ترمیم یا اضافہ کے ساتھ فوری طور پر منسوخ کر دیا جاتا ہے‘‘۔ان احکامات میںجہاں انتظامی کونسل کو وزارتی کونسل کے اختیارات دئے گئے تھے وہیں ایل جی کے مشیروں کو کابینہ وزیروں اور انتظامی سیکریٹریوںکو مختلف معاملات میں وزیروںکے اختیارات تفویض کئے گئے تھے۔