عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے لداخ خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل ( ایل اے ایچ ڈی سی ) کرگل اور جموں و کشمیر کے سینئر افسران کے ایک وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ جس میں لداخ کے طلباء ، مریضوں اور رہائشیوں کو درپیش مسائل کے بارے میں غور و خوض کیا گیا ۔ اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری ، وزیر جل شکتی جاوید احمد رانا ، چیف سیکرٹری ، اعلیٰ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سوشل ویلفئر ، ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی ۔ ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کی نمائندگی کرتے ہوئے اس وفد کی سربراہی فیروز احمد خان اور دیگر کونسلرز کے ساتھ چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو کونسلر محمد جعفر آخون نے کی ۔ اس وفد میں ممبر پارلیمنٹ لداخ حاجی محمد حنیفہ جان اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر قمر علی آخون بھی شامل تھے ۔ اس وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آنے والے وفد پر زور دیا کہ وہ لداخ انتظامیہ کے ساتھ اس معاملے کو اٹھائیں تا کہ جموں اور سرینگر میں سینئر افسران کی پوسٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے اور انہیں جے اینڈ کے میں لداخ یو ٹی کے رہائشیوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹا جا سکے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایک ہیلپ ڈیسک کے قیام کیلئے کشمیر کے سکمز اور دیگر سپر سپیشلٹی ہسپتالوں میں جگہ مہیا کی جائے گی جس کا انتظام لداخ انتظامیہ کے عملے کے ذریعہ کرگل اورلیہہ کے مریضوں کیلئے فوری مدد کیلئے کیا جائے گا ۔ انہوں نے وفد پر مزید زور دیا کہ وہ لداخی طلباء میں جے اینڈ کے میں دستیاب کوٹہ کے بارے میں شعور پیدا کریں ۔ لداخ اور جموں و کشمیر کے مابین تاریخی تعلقات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ انتظامی تنظیم نو سے دونوں خطوں کے مابین گہری جڑوں والے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نقشے بدل سکتے ہیں لیکن نقشے کو تبدیل کرنے سے آپ کے ساتھ ہمارے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کے ساتھ ہمارا رشتہ صدیوں کا ہے اور یہ مضبوط رہے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اور وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے اس وفد کو یقین دلایا کہ سڑکوں ، پینے کے پانی اور دیگر ضروری خدمات سے متعلق ان کے تمام خدشات کو ترجیح پر حل کیا جائے گا ۔ اس سے قبل کرگل کے وفد نے متعدد امور پر روشنی ڈالی جن میں مریضوں کیلئے نوڈل افسران کی تقرری سمیت سرینگر میں سکمز صورہ اور دیگر سپر اسپیشلٹی ہسپتالوں کو بھی شامل کیا گیا تھا ۔ انہوں نے جے اینڈ کے کے پیرا میڈیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں پیرا میڈیکل طلباء کے انتخاب اور تربیت ، سرینگر اور جموں میں موجودہ طلباء ہوسٹلوں کی توسیع اور جے اینڈ کے کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں لداخی طلباء کے مزید داخلے کی ضرورت کے بارے میں بھی خدشات کو اجاگر کیا ۔ مزید براں انہوں نے سرینگر میں منعقدہ پروگراموں کے ذریعہ کرگل اور لداخ یو ٹی کے دیگر علاقوں کیلئے سیاحت کی تشہیر کی کوشش کی ۔ اظہار تشکر کرتے ہوئے وفد نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا ان کے خدشات کو دور کرنے میں ان کے نقطہ نظر پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے لداخ کے لوگوں کیلئے بہتر سہولیات اور مواقع کو یقینی بنانے کیلئے جموں و کشمیر حکومت کے عزم کو سراہا ۔