گول//سب ڈویژن گول کے برالہ اندھ میں ریلوے حکام کے خلاف لگا تار چار روز کے بعد احتجاجی دھرنا منگل کواُس وقت دو نومبر تک ملتو ی کر دیا جب ایس ڈی ایم گول ضمیر احمد و ایس ایچ او گول محمد امین نے محکمہ مال و دیگر آفیسران کے ہمراہ برالہ علاقہ کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا ۔ انتظامیہ نے احتجاج پر بیٹھے لوگوں کے ساتھ تفصیلاً گفتگو کی اور اُن کے مسائل سنے۔ احتجاج پر بیٹھے لوگوں کا کہنا تھا کہ ریلوے حکا م اُن کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھے ہوئے ہیں جبکہ یہاں سڑک کی حالت ابتر ہو گئی جس سے اُٹھنے والے گرد غبار کی وجہ سے جہاں ایک طرف سے لوگ کافی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں وہیں حیوانات اور باقی اشیاء بھی متاثر ہوئی ہیں ۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کی مانگیں جن میں بالخصوص اندھ علاقہ میں ریلوے اسٹیشن ، اراضی مالکان کا معاوضہ ، مقامی نوجوانوں کو روزگار دینا اور جنگلات کی تباہی کو روکنے کے علاوہ سڑک کی حالت کو بہتر بنانا اور گرد وغبار کا کوئی علاج کرناشامل ہیں ،پورے نہیں ہوتے وہ احتجاج جاری رکھیںگے ۔ انتظامیہ کے افسران نے یقین دلایاکہ ان کے مسائل حل کئے جائیںگے جس پر مظاہرین نے دو نومبر 2016تک احتجاج ملتوی کردیا تاہم انہوںنے ساتھ ہی انتباہ دیاکہ اگر وعدہ خلافی ہوئی تو وہ مدت پوری ہونے کے بعد دوبارہ پھر احتجاج شروع کردیںگے ۔ افسران نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ریلوے کمپنیوں کے ذمہ داران سے بھی بات کریں گے ۔