سرینگر//ضلع انتظامیہ سرینگرکی طرف سے جموں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے نام نوٹسوں کے اگلے روز وکلاءکی انجمن نے منگل کو تنظیمی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
بار کے الیکشن کمشنر ایڈوکیٹ مدثر نے نیوز ایجنسی کے این او کو بتایا کہ بار کے انتخابات کو ملتوی کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کیلئے نئے دن کا اعلان مشاورت کے بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بار کا الیکشن آج طے تھا تاہم انتظامیہ کی طرف سے نوٹسیں جاری کئے جانے کے بعد اس کوفی الحال ملتوی کردیا گیا۔
اس سے قبل گذشتہ روز ضلع انتظامیہ سرینگر نے بار کے نام نوٹسیں جاری کرتے ہوئے بار کے انتخابات کے انعقاد پر روک لگانے کے علاوہ ضلع کورٹ کمپلیکس میں امتناعی احکامات نافذ کئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق بار کے نام 3نوٹسیں ارسال کی گئی ہیں،جن میںکشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دینے کے موقف کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔