حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے عوامی نمائندگان پرمشتمل ایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی جنہوں نے عوامی مسائل پہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے تفصیلی طور پہ تبادلہ خیال کیا۔وفد نے سرکار کی طرف سے عوام کو ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ روشنی ایکٹ کے تحت جو لوگوں کو حقوق دیئے گئے تھے ان کو پامال کیاجا رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ محکمہ مال اور محکمہ جنگلات کی طرف سے دیہی علاقوں میں بے دخلی کے نوٹس لگاے گئے ہیں جو ان لوگوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے جو ان زمینوں پر دسیوں سالوں سے قابض ہیں۔انھوں نے محکمہ جات کی جانب سے دیئے گئے یہ نوٹس واپس لینے کی اپیل کی ۔راہنمائوں نے انتظامیہ سے واضح طور پہ کہا کہ بی جے پی گورنمنٹ عدالت کو آگے لگا کر بد لہ لینے کا کام کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سے عوام کا عدالت کے اوپر سے بھی اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے جو ہم کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندرجیت نے وفد کے تمام مطالبات سننے کے بعد انھیں یقین دلایا کہ وہ یہ مطالبات ا علیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔اس وفد میں ڈی ڈی سی ممبر میاں فاروق احمد ،ڈی ڈی سی ممبر شاہ نواز چوہدری، صوبائی سیکریٹری نیشنل کانفرنس میاں شیراز احمد ازہری، سرپنچ نظیر حسین، ماسٹر رزاق بجاڑ،امان احمد اور دیگر سیاسی و سماجی کارکن شامل تھے۔