محمد تسکین
بانہال// حالیہ دنوں میں جموں و کشمیر کے علاقوں میں بعض دکاندار صارفین کو سڑا ہوا گوشت اور ناقص معیار کی دیگر خوردنی اشیاء فروخت کرنے کے معاملات مسلسل سامنے آ رہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان کے حکم پر اس سنگین مسئلے پر فوری کاروائی کرتے ہوئے سب ڈویژنل انتظامیہ بانہال نے میونسپل کمیٹی ، فوڈ سیفٹی ، ٹریڈرس فیڈریشن اور محکمہ پولیس کے ساتھ مل کر ایک خصوصی کارروائی کا آغاز کیا۔اس کارروائی کے تحت بانہال کے مرکزی بازار اور آس پاس کے علاقوں میں اچانک مارکیٹ معائنہ مہم چلائی گئی۔ اس دوران گوشت کی دکانوں، سبزی فروشوں، کریانہ سٹورز اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے مراکز کی سخت چیکنگ کی گئی۔ اہلکاروں نے اشیاء کی کوالٹی، صفائی ستھرائی، وزن اور قیمت کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر کئی دکانداروں کے خلاف کاروائی بھی کی گئی یے ۔انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوام کی صحت اور سلامتی کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور جو بھی دکاندار غیر معیاری یا مضرِ صحت اشیاء فروخت کرتے پکڑے گئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف موجودہ شکایات کا ازالہ کرنا ہے بلکہ آئندہ کے لیے بھی دکانداروں کو پابند بنانا ہے کہ وہ صرف تازہ اور معیاری اشیاء ہی فروخت کریں۔