بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے ہفتہ کو انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کرتے ہوئے 7 آئی اے ایس افسران کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائیں۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری ایک حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر آشش چندر ورما، ، جو فی الوقت جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ میں احکامات کے انتظار میں تھے، کو محکمہ سیاحت کا فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکریٹری) تعینات کیا گیا ہے۔ انہیں اپنے فرائض کے ساتھ ساتھ محکمہ منصوبہ بندی، ترقی اور نگرانی کے انتظامی سیکریٹری کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے، جو تاحکمِ ثانی ان کے پاس رہے گا۔آرڈر کے مطابق انیل کمار سنگھ، جو فی الحال محکمہ سماجی بہبود کے پرنسپل سیکریٹری اور محکمہ مائننگ کے ایڈمنسٹریٹو سیکریٹری (اضافی چارج) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کو تبدیل کرکے محکمہ تعمیرات عامہ میں پرنسپل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ وہ مائننگ محکمہ کا اضافی چارج بھی بدستور سنبھالتے رہیں گے۔ یشا مدگل، جو اب تک کمشنر/سیکریٹری محکمہ سیاحت کے طور پر کام کر رہی تھیں، کو تبدیل کر کے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس میں کمشنر/ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔سرمد حفیظ، جو فی الحال محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس میں کمشنر/سیکریٹری کے طور پر تعینات ہیں، کو تبدیل کر کے محکمہ سماجی بہبود میں کمشنر/سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔طلعت پرویز روحیلہ،، جو اس وقت محکمہ منصوبہ بندی، ترقی اور نگرانی کے سیکریٹری کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں، کو تبدیل کر کے بیورو آف پبلک انٹرپرائزز، جموں و کشمیر کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔بھوپندر کمار، جو فی الحال محکمہ تعمیرات عامہ کے سیکریٹری کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر مردم شماری/ڈائریکٹر سٹیزن رجسٹریشن برائے جموں و کشمیر و لداخ، ریذیڈنٹ کمشنر نئی دہلی اورتواضع محکمہ کے ایڈمنسٹریٹو سیکریٹری کے اضافی چارج پر تعینات ہیں، کو ریذیڈنٹ کمشنر جموں و کشمیر حکومت، نئی دہلی مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم وہ مردم شماری، رجسٹریشن اور مہمان نوازی محکمہ کا اضافی چارج بدستور سنبھالتے رہیں گے۔اننت دویودی،، جو اس وقت چیف ایگزیکیٹو آفیسر، سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی، جموں و کشمیر کے طور پر تعینات ہیں اور آیوشمان بھارت ڈیجیٹل ہیلتھ مشن کے مشن ڈائریکٹر کا اضافی چارج سنبھالے ہوئے ہیں، کو اب محکمہ مال کے ایڈیشنل سیکریٹری کا چارج بھی سونپا گیا ہے۔ وہ یہ اضافی ذمہ داری بھی اپنے موجودہ فرائض کے ساتھ انجام دیں گے۔