بلال فرقانی
سرینگر// جموں وکشمیر انتظامیہ میں10’آئی اے ایس سمیت 21 اعلیٰ افسران کا تبادلہ کیا گیا جن میں7ضلع ترقیاتی کمشنر بھی شامل ہیں۔انتظامیہ نے دو الگ الگ احکامات کے تحت ان افسران کے تبادلے عمل میں لائے ۔عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری کو تبدیل کرکے کشمیر پائور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشی کو تبدیل کرکے کارتکا جوتسنا کی جگہ پر ڈپٹی کمشنر ادھمپور کا قلمدان سونپا گیا۔
کارتکا جوتسنا کو مزید تقرری کیلئے عمومی انتظامی محکمہ میں انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی۔حکم نامہ کے مطابق چودھری محمد یاسین کو تبدیل کرکے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ جبکہ سڈکو کے منیجنگ ڈائریکٹر، راکیش منہاس، جن کے پاس سیکاپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی تھا ،کو تبدیل کرکے راہل پانڈے کی جگہ ڈپٹی کمشنر کھٹوعہ تعینات کیا گیا۔ راہل پانڈے کو مزید تقرری کیلئے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حکم نامہ کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ بشارت قیوم کو تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر پلوامہ جبکہ جموں اینڈ کشمیر ٹوارزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر منگا شرپا کو تبدیل کرکے لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹریٹ میں ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کیا گیا۔ شرپا کو تا حکم ثانی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ناظم اطلاعات اور جموں کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر بڈگام فخر الدین حامد کو تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر اننت ناگ جبکہ ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب کو تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر شوپیان اور جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو افسر ابھیشیک شرما کو تبدیل کرکے ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ حکم نامہ کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹریٹ میں تعینات ایڈیشنل سیکریٹری اکشے لبرو،جن کے پاس ڈائریکٹر انفارمیشن کا اضافی چارج بھی تھا کو تبدیل کرکے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام تعینات کیا گیا۔محکمہ بجلی کے ایڈیشنل سیکریٹری راجہ یعقوب فاروق ،جن کے پاس جموں کشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی تھا، کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا کو تبدیل کرکے جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کے چیف ایگزیکٹر افسر کا قلمدان سونپا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت کو تبدیل کرکے سڈکو کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا جبکہ انہیں اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی سیکاپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی سونپا گیا۔ محکمہ سماجی بہبود کے خصوصی سیکریٹری شیو کمار گپتا کو تبدیل کرکے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا وائس چیئرمین جبکہ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین پنکج منگوترا کو تبدیل کرکے جموں اینڈ کشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔ ایک اور علیحدہ حکم نامہ کے مطابق ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جمو ںکرشن لال شرما کو تبدیل کرکے لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹریٹ میں سپیشل سیکریٹری تعینات کیا گیا جبکہ محکمہ خوراک شہری رسدات امور صارفین و عوامی تقسیم کاری جموں کے ڈائریکٹر نسیم جاوید چودھری کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں تعینات کیا گیا۔حکم نامہ کے مطابق محکمہ تعلیم جموں کے ڈائریکٹر روی شنکر شرما کو تبدیل کرکے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں خصوصی سیکریٹری تعینات کیا گیا جبکہ جموں کشمیر سپیشل ٹریبونل کے رجسٹرار رفعت چودھری کو تبدیل کرکے محکمہ خوراک شہری رسدات امور صارفین و عوامی تقسیم کاری جموں کا قلمدان سونپا گیا۔ ڈائریکٹر ایسٹیٹس جموں اشوک کمار شرما کو تبدیل کرکے ناظم تعلیم جموں کی ذمہ داری سونپی گئی جبکہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے خصوصی سیکریٹری راکیش کمار کو تبدیل کرکے جموں کشمیر سپیشل ٹریبونل کا رجسٹرار تعینات کیا گیا۔