عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف الیکٹورل آفیسر(سی ای او) جموں و کشمیر پانڈورنگ کے پولے نے ہفتہ کو کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابی تیاریاں زوروں پر ہے۔پولے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابی تیاریاں زوروں پر ہے، اور فی الحال انتظامیہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پولیس، سی آر پی ایف، میڈیا والوں، سیاسی جماعتوں اور دیگر کو لوک سبھا انتخابات سے قبل الیکشن سے متعلق تربیت دے رہی ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا جمہوریت کا چوتھا ستون ہونے کے ناطے اس کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور “ای سی آئی نے میڈیا کے لیے پہلے ہی قواعد و ضوابط وضع کیے ہیں”۔انہوں نے کہا”آج ہم نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد میڈیا اہلکاروں کے لیے ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا جنہیں جسمانی انداز میں تربیت دی گئی،ہمارے اجلاس جاری ہیں اور اگلی میٹنگ جموں میں ہونے کا امکان ہے‘‘۔انتخابی تیاریوں پر بات کرتے ہوئے پولے نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے میٹنگز، ٹریننگ سیشنز اور دیگر ضروری چیزیں منعقد کی جا رہی ہیں۔ “ہم نے پولیس، سی آر پی ایف کے علاوہ قومی سطح، ریاستی سطح اور ضلعی سطح پر اہلکاروں کو تربیت دی ہے اور سیاسی جماعتوں کے اہلکاروں کو تربیت دی جا رہی ہے اور انہیں قواعد و ضوابط کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ سی ای او پولے نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد، سرگرمیاں مزید تیز ہو جائیں گی،” یہ بات قابل ذکر ہے کہ پارلیمانی انتخابات مئی اور اپریل 2024 میں ہونے کا امکان ہے۔