جموں//ریاست کے چیف الیکٹورل افسیر شلیندر کمار نے یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ریاست میں آنے والے انتخابات کے حوالے سے تیاریوں اور دیگر امور کاجائیزہ لیا۔سی ای او نے ریاست میں احسن طریقے پر چناؤ منعقد کرانے کے تعلق سے پولنگ مراکز پر بنیادی سہولیات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے قیام سے متعلق افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر ایک پولنگ سٹیشن پر بنیادی سہولیات پہلے ہی دستیاب رکھیں تا کہ احسن چناؤ کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ، سیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو، سیکرٹری سماجی بہبود فاروق احمد لون، اے ڈی جی پی سیکورٹی اینڈ لاء اینڈ آرڈر منیر احمد خان، کمشنر سیلز ٹیکس پی کے بھٹ، کمشنر ایکسائیز طلعت پرویز، جنرل منیجر ٹیلی کمینی کیشن کلبھوشن شرما اور ایڈیشنل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی نریندر کھجوریہ اور کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔سی ای او نے کہا کہ تمام پولنگ مراکز پر بجلی، پانی اور بیت الخلاء ،ریمپس، وہیل چئیرز، ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ سلامتی کے مکمل انتظامات کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ذاتی طور پر یہ سہولیات قائم کرنے سے متعلق اقدامات کی نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ ہر ایک پولنگ مرکز چناؤ کے لئے تیار ہونا چاہئے۔دریں اثنا سی ای او نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع چناؤ افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور متعلقہ اضلاع میں چناؤ تیاریوں کا جائیزہ لیا۔جن معاملات پر نمایاں طورپر تبادلہ خیال ہوا اُن میں ڈسڑکٹ الیکشن منیجمنٹ پلان، بوتھ لیول الیکشن منیجمنٹ پلان، سیکورٹی منیجمنٹ پلان اور دیگر امور شامل ہیں۔سی ای اونے ڈپٹی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ الیکشن سے متعلق تمام معاملات کو ترجیح دے کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام انتظامات وقت پر مکمل کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تفاوتوں کو دُور کر کے الیکشن محکمہ کے ساتھ قریبی رابطہ اور تال میل رکھا جانا چاہئے۔