سرینگر// مرکزی انتخابی کمیشن نے جموں کشمیر سمیت دیگر ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی انتخابی کمیشن نے پارلیمانی انتخابات اور کچھ ریاستوں میں اسمبلی الیکشن کے علاوہ ضمنی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی تمام ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا اعلان کیا تھا،جس کا اطلاق انتخابی عمل پورا ہونے تک جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اتوار کو ایک نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے فوری طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے خاتمے کا اعلان کیا۔ مرکزی انتخابی کمیشن کے سیکریٹر ی جوائے کمار نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ زیر نمبر437/6/INST/ECI/FUNCT/MCC/2019 جاری کیا،جس میںکہا گیا’’انتخابی ضابطہ اخلاق جو کہ نافذ العمل تھا،کو فوری طور پر ختم کیا گیا ہے‘‘ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اب لوک سبھا کے عام انتخابات اور ریاستی اسمبلیوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے،اس لئے ماڈل کوڈ آف کنڈک کو فوری طور پر ختم کیا جاتا ہے۔