سرینگر// سرینگر میں پارلیمانی نشست کے ضمنی انتخابات کیلئے جنتا دل یونیائٹیڈ نے پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری مرزا سجاد کو بطور امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا تاہم جنوبی کشمیر کی نشست کیلئے کسی بھی امیدوار کو نامزد نہیں کیا گیا۔ سرینگر کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل یونائٹیڈ کے ریاستی صدر جی این شاہین نے کہا کہ ضمنی پارلیمانی انتخابات میں پارٹی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام بہتر طریقے سے سرکار کی کارکردگی کا احاطہ کرنے کی اہل ہیں۔جی این شاہین نے مزید بتایا کہ میڈیا کو بھی نامساعد صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ انہوں نے پریس کلب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان انکی جماعت ایک پل کی حیثیت سے کام کرنا چاہتی ہے۔ جی این شاہین نے کہا کہ کشمیری عوام کو وہ موجودہ مصیبت سے باہر نکالنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے انکی جماعت انتخابات میں شرکت کر رہی ہے۔